02 مارچ ، 2013
اسلام آباد … وفاقی ٹیکس محتسب شعیب سڈل نے کہا ہے کہ ٹیکس چوروں کو انتخابات میں حصہ لینے کا حق نہیں ہونا چاہئے، صرف غیر متنازع شخصیات کو ہی انتخابات میں حصہ لینے کا اختیار ہونا چاہئے۔ اسلام آباد میں وفاقی محتسب سلمان فاروقی کے ساتھ مشترکا نیوز کانفرنس میں شعیب سڈل کا کہنا تھاکہ موجودہ پارلیمنٹ کے 70 فیصد اراکین ٹیکس گوشوارے جمع نہیں کراتے لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ وہ انکم ٹیکس نہیں دیتے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس چوروں کی نشاندہی میں اگر الیکشن کمیشن کوئی معاونت طلب کرے تو فراہم کی جائے گی، نئے کاغذات نامزدگی کی تیاری کے سلسلے میں الیکشن کمیشن کو مراسلہ لکھا تھا، جس میں خدمات کی پیش کش کی گئی تھی۔ وفاقی محتسب سلمان فاروقی نے کہا کہ محتسب کے قوانین میں تبدیلی کا مقصد انصاف کی فراہمی بہتر بنانا ہے۔