پاکستان
02 مارچ ، 2013

ہائر ایجوکیشن کمیشن کا مالی بحران ایک بار پھر شدت اختیار کر گیا

ہائر ایجوکیشن کمیشن کا مالی بحران ایک بار پھر شدت اختیار کر گیا

اسلام آباد … ہائر ایجوکیشن کمیشن کو ایک بار پھر مالی بحران کا سامنا ہے، وائس چانسلرز نے کہا ہے کہ فوری فنڈز ریلیز نہ کئے گئے تو یونیورسٹیز بند کرنا پڑیں گی۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا کہ سال 2013ء کی تیسری سہ ماہی کے 12 ارب روپے ابھی تک ریلیز نہیں ہوسکے۔ ایچ ای سی کو بجٹ میں مختص رقم میں سے 2012ء کے دوران 9 ارب روپے کی ادائیگی بھی نہیں کی گئی۔ مالی سال 2012-13 ء کے بجٹ میں ایچ ای سی کیلئے 10 ارب روپے کم فنڈ مختص کیا گیا تھا، مجموعی طور پر ایچ ای سی کو مختص بجٹ میں سے 24 ارب روپے کی ادائیگی نہیں کی جاسکی۔ وائس چانسلرز نے ایچ ای سی سے کہا ہے کہ یونیورسٹیز کے پاس ملازمین کی تنخواہیں ادا کرنے کیلئے بھی پیسے موجود نہیں ، اگر فنڈز فوری ریلیز نہ کئے گئے تو مجبورا ًیونیورسٹیز بند کرنا پڑیں گی جس سے لاکھوں طلبہ کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی تعلیم و تربیت نے وزارت خزانہ اور پلاننگ ڈویژن کو یکم مارچ تک فنڈز ریلیز کرنے کی ہدایت کی تھی لیکن عملدر آمد نہیں ہو سکا۔

مزید خبریں :