02 مارچ ، 2013
اسلام آباد … آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے اکثر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے جبکہ سندھ اور بلوچستان میں دن کے درجہ حرارت میں اضافہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے چند دنوں کے دوران ملک کے اکثر مقامات پر موسم بدستور خشک رہے گا۔ گلگت بلتستان میں موسم صاف ہوگیا، ہنزہ نگر، غذر اور استور کے بالائی علاقوں کی شاہراہوں پر اب بھی برف جمی ہوئی ہے جس کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے ۔ مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن میں جمی برف سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، مری میں بھی سردی کی شدت برقرار ہے جبکہ شمالی بلوچستان کے علاقوں سے سردی کم ہوگئی۔ استور منفی 9 ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ ملک کا سرد ترین مقام رہا۔ کالام اور پارا چنار میں منفی 5 ڈگری سینٹی گریڈ، اسکردو، مالم جبہ منفی 4، ہنزہ ،اور دروش میں منفی 3، گوپس اور دیر میں منفی1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیارہا۔ پشاور میں درجہ حرارت 8، لاہور 10، اسلام آباد میں 5 جبکہ کراچی میں کم سے کم 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔