Time 26 جنوری ، 2025
دنیا

امریکا میں 48 سال قبل ہونے والے قتل کا مجرم گرفتار کرلیا گیا

امریکا میں 48 سال قبل ہونے والے قتل کا مجرم گرفتار کرلیا گیا
1977 میں قتل ہونے والی طالبہ —فوٹو: فائل

امریکی ریاست ہوائی میں تقریباً نصف صدی قبل ہونے والے قتل کا مجرم گرفتار کرلیا گیا۔

امریکی میڈیا کے مطابق 21 مارچ 1977 کو ہونولولو کے اسکول میں 16 سالہ طالبہ ڈان موموہارا کی لاش ملی تھی، لاش کی حالت سے ظاہر ہورہا تھا کہ موموہارا کو زیادتی کے بعد قتل کیا گیا تھا۔

واقعے کے بعد پولیس نے قتل کی تحقیقات شروع کیں اور متعدد افراد کے انٹرویوز کیے لیکن مجرم کی شناخت نہ ہوسکی۔

تاہم امریکی میڈیا کے مطابق قتل کے 48 سال بعد اب پولیس  جدید ڈی این اے ٹیکنالوجی کی مدد سے مجرم کی شناخت کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے اور اسے گرفتار بھی کرلیا گیا ہے۔

ہونولولو پولیس کے مطابق 2020 میں پولیس جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے مقتول طالبہ کے کپڑوں سے مجرم کا ڈی این اے جمع کرنے میں کامیاب ہو گئی تھی۔

2023 میں تحقیق کاروں کو اطلاع ملی  کہ یہ ڈی این نے اسی اسکول کے سابق طالب علم گیڈیئن کاسٹرو اور اس کے بھائی کا ہوسکتا ہے جس کے بعد تحقیق کاروں نے ان دونوں افراد کے بچوں کے ڈی این اے نمونوں کا تجزیہ کیا۔

ڈی این اے کے ذریعے معلوم ہوا کہ مقتول طالبہ کے کپڑوں سے ملنے والا ڈی این نے 66 سالہ گیڈیئن کاسٹرو کا ہے جس کے بعد پولیس نے اسے قتل کے الزام میں گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق قتل کی تحقیقات کے آغاز میں بھی پولیس نے گیڈیئن سے تفتیش کی تھی اور اس نے مقتولہ طالبہ سے ملاقات کا اعتراف بھی کیا تھا تاہم پولیس کو اس وقت گیڈیئن کاسٹر و پر شبہہ نہیں ہوا تھا۔

مزید خبریں :