03 مارچ ، 2013
کراچی … کراچی کے علاقے ابوالحسن اصفہانی روڈ پر عباس ٹاوٴن کے قریب یکے بعد دیگرے دو دھماکوں میں متعدد افراد زخمی ہوگئے، کئی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے، علاقے سے دھویں کے بادل اٹھ رہے ہیں۔ نمائندہ جیو نیوز کے ظل حیدر ابو الحسن اصفہانی روڈ پر عباس ٹاوٴن کے قریب یکے بعد دیگرے دو زور دار دھماکوں میں متعدد افراد زخمی ہوگئے، ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ ذرائع کے مطابق پہلا دھماکا ابوالحسن اصفہانی روڈ پر بلال مسجد کے قریب ہوا جس سے مسجد اور قریبی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا ، واقعے کے بعد ریسکیو ادارے اور پولیس کی نفری دھماکے کے مقام پر پہنچ گئیں ، دھماکے کے بعد علاقے سے دھویں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے ، دھماکے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ۔ پہلے دھماکے کے تقریباً 10 منٹ بعد ہی عباس ٹاوٴن میں دوسرا دھماکا ہوا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ عینی شاہد کے مطابق دھماکا گنجان آباد علاقے میں ہوا جس سے کئی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا ہے اور درجنوں افراد زخمی ہوئے ہیں۔ عینی شاہد کے مطابق گزشتہ سال 4 محرم الحرام کو جس مقام پر دھماکا ہوا آج اسی مقام پر دھماکے ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔