Time 07 فروری ، 2025
کھیل

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی: پاک بھارت مقابلوں میں کس کا پلڑا بھاری؟

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی: پاک بھارت مقابلوں میں کس کا پلڑا بھاری؟
فوٹو: فائل

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کا سب سے بڑا مقابلہ دفاعی چیمپئن پاکستان اور بھارت کے درمیان 23 فروری کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔

اس میچ کو لے کر شائقین کرکٹ کا جوش وخروش آسمان کی بلندیوں کو چھو رہا ہے۔ آئی سی سی کے اس ایونٹ کو جس کا نام چیمپئنز ٹرافی ہے،اسے منی ورلڈ کپ بھی کہا جاتا ہے،جہاں ماضی کے مقابلوں میں پاکستان کو روایتی حریف بھارت پر واضع برتری حاصل ہے۔

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں دبئی انڑنیشنل اسٹیڈیم میں پاک بھارت ٹاکرا چیمپئنز ٹرافی مقابلوں میں دونوں ٹیموں کا چھٹا مقابلہ ہے۔

ماضی میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں پاک بھارت ٹیمیں 5 مرتبہ آمنے سامنے آئیں ،جہاں 3 بار پاکستان ٹیم فاتح بن کر میدان سے باہر آئی ،جبکہ 2 مرتبہ بھارتی ٹیم فاتح رہی۔

دونوں ٹیموں کا آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں پہلا آمنا سامنا 19 ستمبر 2004 کو برمنگھم کے ایجبسٹن کرکٹ گراؤنڈ میں ہوا،جہاں انضمام الحق کی قیادت میں پاکستان ٹیم نے بھارت کو 4 گیندوں قبل 3 وکٹ سے شکست دی۔

26 ستمبر 2009 کو سپر اسپورٹس پارک سنچورین میں پاکستان ٹیم یونس خان کی قیادت میں بھارتی ٹیم کو 54 رنز سے شکست دینے میں سرخرو رہی۔

اس فتح میں آل راؤنڈر شعیب ملک کے 128 رنز کا کردار قابل ذکر رہا۔

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں دونوں ٹیموں کا تیسرا آمنا سامنا برمنگھم کے ایجبسٹن کرکٹ گراؤنڈ میں 15 جون 2013 کو ہوا،جہاں مصباح الحق کی قیادت میں کھیلنے والی پاکستان ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے  محض 165 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور مہندرا سنگھ دھونی کی قیادت میں کھیلنے والی بھارتی ٹیم نے ہدف ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے قانون کے تحت 17 گیندوں قبل حاصل کر کے میچ 8 وکٹ سے باآسانی جیت لیا۔

2017 میں برمنگھم کے ایجبسٹن کرکٹ گراؤنڈ پر بھاری ٹیم نے گروپ میچ میں پاکستان کو 124 رنز سے شکست دی۔

البتہ 18 جون 2017 کو اوول  میں کھیلے گئے  فائنل میں وکٹ کیپر سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستان ٹیم نے بھارت کو 180 رنز سے شکست دے کر نہ صرف گروپ میچ کی ناکامی کا بدلہ لیا بلکہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیتنے کا بھی اعزاز اپنے نام کر لیا۔


مزید خبریں :