27 فروری ، 2025
این اے 8 باجوڑ سے آزاد حیثیت میں منتخب رکن قومی اسمبلی مبارک زیب کو وزیر اعظم شہباز شریف کا معاون خصوصی مقرر کردیا گیا۔
مبارک زیب کے علاوہ وزیراعظم کے مزید 3 معاونین خصوصی مقرر کیےگئے ہیں۔کابینہ ڈویژن نے چاروں معاونین خصوصی کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ہارون اختر، حذیفہ رحمان، مبارک زیب اور طلحہ برکی وزیراعظم کے معاونین خصوصی مقرر کیےگئے ہیں۔ صدر مملکت نے وزیراعظم کی ایڈوائس پر معاونین خصوصی کی تقرری کی منظوری دی ہے۔
خیال رہےکہ باجوڑ سے رکن قومی اسمبلی مبارک زیب پی ٹی آئی کے جاں بحق کارکن ریحان زیب کے بھائی ہیں۔
گزشتہ سال فروری میں ہونے والے عام انتخابات کے دوران قومی اسمبلی کے حلقہ این اے باجوڑ 8 سے آزاد امیدوار ریحان زیب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہوگئے تھے جس کے بعد حلقے میں انتخابات ملتوی کردیے گئے تھے۔
اپریل میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں آزاد امیدوار مبارک زیب نے سنی اتحاد کونسل کو اپ سیٹ شکست دیکر کامیابی حاصل کی تھی۔