Time 28 مارچ ، 2025
پاکستان

کھربوں کے خزانے پہاڑوں کے اندر موجود ہیں، دہشتگرد ان وسائل سے فائدہ اٹھانے سے روکنا چاہتے ہیں: وزیراعظم

کھربوں کے خزانے پہاڑوں کے اندر موجود ہیں، دہشتگرد ان وسائل سے فائدہ اٹھانے سے روکنا چاہتے ہیں: وزیراعظم
دہشتگردوں کا ایک ہی مقصد ہے کہ پاکستان قدرت کے دیے ہوئے خزانے سے فیضیاب نہ ہوسکے، دہشتگردوں کی مالی معاونت کے بارے میں بخوبی جانتے ہیں: شہباز شریف— فوٹو: پی آئی ڈی

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ قدرت نے پاکستان کو معدنیات کی دولت سے نوازا ہے، کھربوں ڈالر کے خزانے ملک کے پہاڑوں کے اندر موجود ہیں، دہشت گرد پاکستان کو ان وسائل سے فائدہ اٹھانے سے روکنا چاہتے ہیں۔ 

اسلام آباد میں رب ذوالجلال کا احسان پاکستان تقریب سے خطاب میں شہباز شریف کا کہنا تھاکہ پاکستان رب العزت کا عظیم تحفہ ہے، اللہ تعالیٰ نے ماہ رمضان میں یہ تحفہ عطا کیا، قیام پاکستان ہمارے لیے کسی معجزے سے کم نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم تقاضہ کررہی ہےکہ ہم متحد ہوجائیں، دہشتگردی کےخاتمے کےلیےافواج پاکستان قربانیاں دے رہی ہیں، ملک میں تفریق، مذہبی منافرت ہے تو یہ ان اعظیم قربانیوں کےساتھ بےوفائی ہے، ملک کے وقار وعزت کو داؤ پر لگایا جارہاہے، آنے والی نسلیں معاف نہیں کریں گی۔

ان کا کہنا تھاکہ پاکستان کے وسیع تر مفاد کےلیے ہم اپنےذاتی مفادات اور انا کوپاکستان کے تابع کریں گے۔

وزیراعظم کا کہنا تھاکہ قدرت نے پاکستان کو معدنیات کی دولت سے نوازا ہے، کھربوں ڈالر کے خزانے ملک کے پہاڑوں کے اندر موجود ہیں اور  دہشتگردی کا ایک مقصد پاکستان کو ان وسائل سے استفادہ کرنےسے روکنا ہے، دہشت گردوں کا ایک ہی مقصد ہے کہ پاکستان قدرت کے دیے ہوئے خزانے سے فیض یاب نہ ہوسکے۔

انہوں نے کہا کہ ایسےعناصر کو پاکستان کی ترقی و خوشحالی گوارا نہیں، وہ پاکستان کےدشمن ہیں جن کو ملک کی ترقی و خوشحالی گوارہ نہیں، بخوبی جانتے ہیں دہشتگردوں کو مالی معاونت کہاں سے مل رہی ہے، دہشت گردی کےتانے بانے دور تک ملتے ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھاکہ ہماری افواج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملکی تحفظ کے لیے بڑی قربانیاں دے رہے ہیں، ذاتی اختلاف بھلا کر قومی یکجہتی اور اتفاق ترقی کا واحد راستہ ہے اور اتحاد و اتفاق سے ہی پاکستان دنیا میں اپنا مقام حاصل کرسکتا ہے۔

مزید خبریں :