11 اپریل ، 2025
بالی وڈ کے آنجہانی اداکار اوم پوری کی پہلی اہلیہ سیما کپور نے اداکار سے اپنی راہیں جدا کرنے کی وجہ بتادی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یوٹیوب چینل کو دیے گئے ایک انٹریو میں ڈائریکٹر سیما کپور نے اپنے سابق شوہر اوم پوری سے علیحدگی کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ان کی شادی اس وقت ٹوٹ گئی جب انہیں معلوم ہوا کہ ان کے شوہر کا نندیتا نامی خاتون سے افیئر تھا۔
انہوں نے بتایا کہ فلم سٹی آف جوائے کی شوٹنگ کے دوران ان کے رشتے میں بہت تناؤ پیدا ہوگیا تھا اور وہ اس وقت 3 ماہ کی حاملہ بھی تھیں۔
سیما کپور کا کہنا تھا کہ میری اچھی دوست رینو سلوجا کو اس افیئر کے بارے میں علم تھا لیکن کسی نے مجھے یہ سوچ کر نہیں بتایا کہ یہ اتنا سنجیدہ نہیں ہے اور وہ شوٹنگ کے بعد اپنی زندگی میں واپس آجائے گا لیکن حالات بگڑنا شروع ہوگئے اور بدقسمتی سے میرا بچہ بھی بچ نہ سکا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اوم پوری نے ایک سیکرٹری کے ذریعے مجھے 25 ہزار روپے بطور معاوضہ بھجوایا جو میں لینے سے انکار کردیا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سیما کپور اور اوم پوری کی شادی 1990 میں ہوئی جو صرف 8 ماہ ہی چل سکی جس کے بعد اوم پوری نے صحافی نندیتا پوری سے شادی کرلی، اداکار دل کا دورہ پڑنے سے 2017 میں 66 سال کی عمر میں چل بسے۔