Time 13 اپریل ، 2025
سائنس و ٹیکنالوجی

اسمارٹ فونز کو چارج کرنے کیلئے سستے چارجر استعمال کرنے سے کوئی نقصان تو نہیں ہوتا؟

اسمارٹ فونز کو چارج کرنے کیلئے سستے چارجر استعمال کرنے سے کوئی نقصان تو نہیں ہوتا؟
کیا آپ بھی فون چارج کرنے کے لیے سستے چارجر استعمال کرتے ہیں / فائل فوٹو

اگر آپ اسمارٹ فون استعمال کرتے ہیں تو اسے چارج بھی کرنا پڑتا ہے۔

اس کے لیے چارجر اور کیبل کی ضرورت ہوتی ہے اور روزانہ انہیں استعمال کرنے سے کچھ عرصے بعد بھی ان کے خراب ہونے کا خطرہ بڑھتا ہے۔

مگر کسی بھی کمپنی کے اوریجنل چارجر مہنگے ہوتے ہیں اور اس کے مقابلے میں تھرڈ پارٹی چارجر سستے محسوس ہوتے ہیں۔

مگر کیا سستے چارجر کا استعمال نقصان دہ تو نہیں ہوتا؟

اس کا جواب ہاں ہے، اس طرح کے سستے چارجر طویل المعیاد بنیادوں پر فون کی بیٹری کو نقصان پہنچاتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق سستے چارجر ضروری نہیں کہ آپ کے فون کو مسلسل درست وولٹیج فراہم کرسکیں۔

اگر والٹیج اوپر نیچے ہو تو اس سے چارجنگ پورٹ کو نقصان پہنچ سکتا ہے جبکہ بیٹری متاثر ہونے کا خطرہ بڑھتا ہے۔

ویسے ضروری نہیں کہ آپ اسی کمپنی کا چارجر یا کیبل استعمال کریں جس کا فون استعمال کر رہے ہیں کیونکہ اب زیادہ تر فونز میں یو ایس بی ٹائپ سی پورٹ اور کیبل استعمال ہوتی ہے۔

تو کسی اور کمپنی کے چارجر یا کیبل کا استعمال بھی کیا جاسکتا ہے مگر کسی اچھی کمپنی کے چارجر اور کیبل کو ترجیح دینا چاہیے۔

موجودہ عہد میں بیشتر فونز بہترین چارجنگ اور بیٹری منیجمنٹ سسٹمز سے لیس ہوتے ہیں۔

فونز میں اس بات کو یقینی بنایا جاتا ہے کہ وہ سستے چارجر کے ساتھ بھی محفوظ طریقے سے چارج ہوں، بس وہ آفیشل چارجر کی بجائے سست روی سے فون کو چارج کرتے ہیں۔

مگر ان سستے چارجر میں وہ سیفٹی فیچرز موجود نہیں ہوتے جو کمپنی کے آفیشل چارجرز میں موجود ہوتے ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ سستے چارجر اس وقت بھی والٹیج کی فراہمی جاری رکھتے ہیں جب کیبل خراب ہو جس کے نتیجے میں چارجر یا فون زیادہ گرم ہو جاتے ہیں۔

تو جس حد تک ممکن ہو فون کے لیے اچھی کمپنی کے چارجر کا انتخاب کریں اور سستے چارجر استعمال کرنے سے گریز کریں۔

مزید خبریں :