پاکستان
12 مارچ ، 2013

الیکشن کی آمد ،بیرون ملک رہنماوٴں کی واپسی کا سلسلہ شروع

الیکشن کی آمد ،بیرون ملک رہنماوٴں کی واپسی کا سلسلہ شروع

کراچی…الیکشن قریب آتے ہی بیرون ملک رہنماوٴں کی واپسی کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے،طاہر القادری کینیڈا سے پاکستان کے لئے روانہ ہوگئے، ارباب غلام رحیم کل لاہور پہنچیں گے جبکہ پرویز مشرف نے نگراں حکومت بننے کے 7دن بعد وطن پہنچنے کا اعلان کیا ہے۔ٹورنٹو ایئر پورٹ پر جیونیو ز سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہناتھا کہ بعض افراد کا خیال تھا کہ وہ واپس پاکستان نہیں جائیں گے۔ انھوں نے کہاکہ نگراں وزیراعظم پر اتفاق ثانوی بات ہے،اصل تبدیلی منصفانہ الیکشن سے آئے گی۔دوسری جانب مسلم لیگ ہم خیال کے رہنما ارباب غلام رحیم بھی پاکستان واپسی کیلئے تیار ہیں۔ وہ 5 سال دبئی میں رہنے کے بعد کل لاہور پہنچیں گے جہاں وہ پارٹی رہنماوٴں اور کارکنوں سے ملاقات کریں گے۔سابق صدر پرویز مشرف کے حامیوں کیلئے بھی خوش خبری ہے کہ ریٹائرڈ جنرل پرویز مشرف نے ایک بار پھر وطن واپسی کا اعلان کردیا ہے۔ ڈیرہ غازی خان میں آل پاکستان مسلم لیگ کے ورکرز کنونشن سے ٹیلی فونک خطاب میں انھوں نے کہاکہ وہ نگراں حکومت کے قیام کے سات دن میں پاکستان پہنچ جائیں گے۔ پرویز مشرف کا کہنا تھا کہ آئندہ انتخابات میں وہ تیسری سیاسی قوت کے طور پر ابھریں گے۔ عوام نے ساتھ دیا تو ملک و قوم کو ترقی و خوش حالی کی راہ پر گامزن کردیں گے۔

مزید خبریں :