12 مارچ ، 2013
اسلام آباد… مسلم لیگ ن کے سینیٹرمشاہدالله نے کہاہے کہ پاک ایران گیس پائپ لائن معاہدے پرپارلیمنٹ کواعتمادمیں نہیں لیاگیاتاہم یہ اگرقوم کے مفادمیں ہواتوساتھ دیں گے۔ پیپلزپارٹی کے سعید غنی کی کا کہناہے کہ الیکشن کمیشن نے صدر کی منظوری کے بغیر کاغذات نامزدگی چھاپ لیے ہیں، جو مناسب طریقہ کار نہیں۔ڈپٹی چیئرمین صابر بلوچ کی صدارت میں ہونیوالے سینیٹ اجلاس میں وفاقی محتسب ادارتی اصلاحات بل اور سیکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان ترمیمی بل منظورکیے گئے۔ وزیر قانون فاروق ایچ نائیک نے میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل ترمیمی آرڈیننس پیش کیا۔ پیپلزپارٹی کے سعیدغنی نے الیکشن کمیشن کے خلاف تحریک التوا پیش کی۔ وزیر داخلہ رحمان ملک نے بتایاکہ سال 2008 سے 2011 کے دوران اسلام آباد میں دہشت گردی کے 18 واقعات ہوئے۔ سندھ میں تین سالوں کے دوران دہشت گردی کے واقعات میں 128 افراد جاں بحق ہوئے، خیبر پختونخوا میں 493، بلوچستان میں 1155 اور آزاد کشمیر میں 76 افراد جاں بحق ہوئے۔سینٹ کا اجلاس اب بدھ کی شام کوہوگا۔