29 مئی ، 2025
پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقبول ریسلر اور اداکار جان سینا نے ورلڈ ریسلنگ انٹرٹینمنٹ (ڈبلیو ڈبلیو ای) 2025 کے آخر تک ریسلنگ کو خیرباد کہہ دیں گے۔
یہ اعلان جان سینا نے 2024 میں کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں منی ان دی بینک نامی ریسلنگ ایونٹ کے موقع پر کیا تھا۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ 2025 میں اپنے ریٹائرمنٹ ٹور کے بعد وہ ریسلنگ کی دنیا کو خیرباد کہہ دیں گے۔
رواں سال کے دوران انہوں نے ریسل مینیا 41 کے دوسری رات کے مین ایونٹ میں تاریخ رقم کرتے ہوئے کوڈی روڈز کو شکست دی اور ریکارڈ 17 ویں بار ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن بن گئے۔
یہ پہلی بار ہے جب ڈبلیو ڈبلیو ای میں کوئی ریسلر 17 ویں بار چیمپئن بنا۔
مگر اب پہلی بار جان سینا نے بتایا کہ آخر انہوں نے ڈبلیو ڈبلیو ای سے ریٹائر ہونے کا فیصلہ کیوں کیا۔
ایک انٹرویو کے دوران جان سینا نے بتایا کہ انہوں نے ریٹائر ہونے کا فیصلہ اس لیے کیا کیونکہ اب ان کا جسم پہلے کی طرح مضبوط نہیں رہا۔
انہوں نے کہا کہ 'اب میرا جسم پہلے جیسا نہیں رہا، یہاں تک کہ پہلے کی طرح وزن بھی نہیں اٹھا سکتا، تو ابھی میں وہ کام کرنا چاہتا ہوں جو آج میں بہترین انداز سے کرسکتا ہوں'۔
انہوں نے بتایا کہ 'آپ جانتے ہیں کہ ڈبلوی ڈبلیو ای کا راستہ ہمیشہ ایک جیسا رہتا ہے، جبکہ میری صلاحیتیں گھٹ رہی رہیں، تو یہ اس باب کو بند کرنے کا وقت ہے'۔
انہوں نے مزید بتایا کہ 'میں نے ریسلنگ کو حقیقی الوداع کہنے کا آئیڈیا ڈبلیو ڈبلیو ای کے سامنے پیش کیااور توقع ظاہر کی کہ اس سے ان کے بزنس کو بھی فائدہ ہوگا، انہوں نے اسے قبول بھی کرلیا'۔
48 سالہ جان سینا 2001 میں ڈبلیو ڈبلیو ای کا حصہ بنے تھے اور انہیں ہر دور کے بہترین ریسلرز میں سے ایک مانا جاتا ہے۔
جان سینا نے 2006 میں اداکار کے طور پر اپنا کیرئیر فلم دی میرین سے شروع کیا۔
اس کے بعد وہ متعدد فلموں کا حصہ بن چکے ہیں جن میں فاسٹ اینڈ فیوریس 9، دی سوسائیڈ اسکواڈ اور ٹرین ورک قابل ذکر ہیں۔
2018 سے وہ پارٹ ٹائم ریسلر کے طور پر ڈبلیو ڈبلیو ای سے جڑے ہوئے ہیں۔
وہ قریب المرگ بچوں کی خواہشات پوری کرنے والے ادارے میک اے وش سے بھی منسلک ہیں اور اس حوالے سے ان کا نام گنیز ورلڈ ریکارڈز میں درج ہے۔
جان سینا نے میک اے وش فاؤنڈیشن کے لیے بچوں کی سب سے زیادہ خواہشات پوری کرنے کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا ہے۔