15 مارچ ، 2013
کراچی …متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کی ڈپٹی کنوینر نسرین جلیل نے کورنگی پانچ نمبر میں تعمیر ہونے والی پوسٹ گریجویٹ کالج کی نئی عمارت اور گورنمنٹ ایلمنٹری کالج فار وومین کی عمارت کے فیز ون کا افتتاح کیا۔اس سلسلے میں کورنگی میں افتتاحی تقریب منعقد کی گئی جس میں اساتذہ اور طلبہ و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نسرین جلیل نے کہاکہ ایم کیو ایم کی قیادت عوام کو بلاتفریق تعلیم، صحت اور روزگار کے مواقع فراہم کرکے انہیں بااختیار بنانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم کے منتخب عوامی نمائندوں کے فنڈز سے اربوں روپے مالیت کے تعمیراتی و ترقیاتی کام کرائے گئے ہیں جن سے عوام بلاتفریق مستفید ہورہے ہیں اور عوام کی خدمت اور ان کے مسائل کاعملی حل ہی قائد تحریک الطاف حسین کی سیاست کا مطمع نظر ہے۔