16 مارچ ، 2013
اسلام آباد … مسلم لیگ ن نے نگراں وزیراعظم کیلئے ناصر اسلم زاہد کے نام پر ڈٹ جانے کا فیصلہ کرلیا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ اسمبلیوں کی ایک ہی دن تحلیل کیلئے ضروری ہے صوبوں میں ڈمی وزیراعلیٰ نہ لائیں جائیں، مک مکا کے بجائے اچھی شہرت کے حامل افراد کو نگراں بنایا جائے۔ اسلام آباد میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ ن کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں نگراں وزیراعظم کیلئے ناصر اسلم زاہد کے نام پر ڈٹ جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اجلاس کے بعد سینیٹر مشاہد اللہ خان کا کہنا ہے کہ اسمبلیوں کی ایک دن تحلیل پر اتفاق رائے نہیں ہوا، ایک دن انتخابات کرانے پر اصولی اتفاق ہوگیا ہے، سندھ اور بلوچستان میں نگراں سیٹ اپ کے تقرر کے بعد پنجاب اسمبلی کی تحلیل پر بات ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ نگراں سیٹ اپ کیلئے سندھ میں قوم پرست اتحاد کو اعتماد میں لیا جائے، بلوچستان میں اپوزیشن اتحاد کو نگراں وزیراعلیٰ کیلئے اعتماد میں لیا جائے۔ مشاہد اللہ خان کا کہنا ہے کہ نگراں وزیراعظم کیلئے ناصر اسلم زاہد کے نام پر ڈٹ جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وزیراعظم راجا پرویز اشرف کو کہا ہے کہ ناصر اسلم زاہد سے بہتر نام ہے تو بتا دیں، غور کریں گے۔ شہباز شریف کہتے ہیں کہ اسمبلیوں کی ایک ہی دن تحلیل کیلئے ضروری ہے صوبوں میں ڈمی وزیراعلیٰ نہ لائیں جائیں، مک مکا کے بجائے اچھی شہرت کے حامل افراد کو نگراں وزیراعلیٰ بنایا جائے، نگراں وزیراعظم کیلئے ہمارے دونوں امیدوار موزوں ترین ہیں۔ دوسری جانب مسلم لیگ ن نے نگراں سیٹ اپ کیلئے مولانا فضل الرحمان سے بھی رابطہ کرلیا ہے جبکہ ان کے تحفظات دور کرنے کیلئے کمیٹی بھی بنادی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے نگراں سیٹ پر میاں نواز شریف سے مشارت کی جبکہ مولانا فضل الرحمان سے بھی فون پر رابطہ کیا۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن نے جے یو آئی ف کے تحفظات دور کرنے کیلئے راجا ظفر الحق اور اسحاق ڈار پر مشتمل کمیٹی بنادی ہے جو مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کریگی۔