03 مارچ ، 2012
کراچی … چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس افتخار محمد چوہدری نے کہا ہے کہ قانون کی حکمرانی ہی جمہوریت کے فروغ کی علامت ہے جبکہ آزاد عدلیہ کی موجودگی میں آئین کے سوا کوئی نظام نہیں چل سکتا۔ سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں میاں رضاربانی سمیت 33 وکلاء کو سپریم کورٹ میں پریکٹس کے لائسنس دینے کے بعد خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس نے کہا کہ اللہ کے فضل سے آج آئین ایک زندہ دستاویز ہے اور ہر ادارہ آئین کے مطاق اپنے فرائض سرانجام دے رہا ہے، آج جمہوریت پنپ رہی ہے اور لوگ قانون اور آئین کے لئے مظاہرے کرتے ہیں جو اس بات کی علامت ہے کہ ملک صحیح پٹری پر چڑھ گیا ہے۔ چیف جسٹس نے کہا آزاد عدلیہ کی موجودگی میں آئین کے علاوہ کوئی نظام نہیں چل سکتا، آئین کی بالادستی سب سے اہم ہے اور کسی بھی مہذب معاشرے کیلئے قانون کی حکمرانی ضروری ہے اور جن ملکوں میں قانون کی حکمرانی ہوتی ہے وہی مہذب معاشرے کہلاتے ہیں۔