03 مارچ ، 2012
کراچی … متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے مظلوم عوام کے زخموں پر مرہم رکھا جائے اور بلوچستان کے وسائل پر بلوچ عوام کا حق تسلیم کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار الطاف حسین نے کراچی میں اپنی رہائشگاہ پر تحریک صوبہ ہزارہ کے سربراہ بابا حیدر زمان سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ الطاف حسین نے کہاکہ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم ہزاروال سمیت ملک بھر کے مظلوم عوام کے ساتھ ہے اور چاہتی ہے کہ ہزار وال کے عوام کی خواہشات کے مطابق ہزارہ صوبہ بنایا جائے۔ الطاف حسین نے ہزاروال عوام کے حقوق کی جدوجہد کرنے پر بابا حیدر زمان کو خراج تحسین پیش کیا۔ الطاف حسین نے کہا کہ ایم کیو ایم نے پارلیمنٹ میں نہ صرف صوبہ ہزارہ اور سرائیکی صوبے کی قرار داد پیش کی بلکہ ہم ہزاروال عوام کی خواہشات اور امنگوں کے مطابق صوبہ ہزارہ کے قیام کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ صوبہ ہزارہ کا قیام ایک ایک ہزاروال کے دل کی آواز ہے اور ایم کیو ایم آج بھی مطالبہ کرتی ہے کہ ہزارہ کو علیحدہ صوبہ بنایا جائے۔ الطاف حسین نے بلوچستان کی صورتحال کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ آج بلوچستان میں آزادی کے نعرے لگ رہے ہیں جس کا بنیادی سبب بلوچ عوام کو ان کے حقوق سے محروم رکھنا ہے، ماضی کی حکومتوں نے بلوچستان کے وسائل پر قبضہ کرکے ان کے حقوق غصب کئے جس سے بلوچوں کے احساس محرومی میں اضافہ ہوا۔ الطاف حسین نے کہاکہ وقت کا تقاضہ ہے کہ بلوچ عوام کو غدار کہنے کا عمل بند کیا جائے، ان کے زخموں پر مرہم لگایا جائے اور بلوچستان کے وسائل پر بلوچ عوام کا حق تسلیم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح ہزاروال کے عوام کے حقوق پر بھی قبضہ کیا جارہا ہے جس کے باعث ہزاروال عوام علیحدہ صوبے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ ارباب اختیار کو چاہئے کہ جتنی جلد ممکن ہوسکے ہزارہ کو صوبے کا درجہ دیا جائے بصورت دیگر ہزاروال کے عوام کچھ اور سوچنے پر مجبور ہوسکتے ہیں۔