03 مارچ ، 2012
پشاور … خیبرپختونخوا اسمبلی نے نیٹواورامریکی افواج کے ہاتھوں افغانستان میں قران کریم کی بے حرمتی کے خلاف متفقہ مذمتی قرار داد منظورکرلی۔ قرارداد جمعیت علمائے اسلام کے رکن حافظ اختر علی نے پیش کی۔ قرارداد میں کہاگیاہے کہ قران پاک کی بے حرمتی کرکے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیا گیا ہے جس کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے وفاق سے مطالبہ کرتے ہیں کہ یہ مسئلہ امریکا کے ساتھ سفارتی سطح پر اٹھایا جائے اور انہیں ملک و ملت کے جذبات سے آگاہ کیا جائے۔ صوبائی وزیرقانون ارشد عبداللہ نے اس موقع پر کہا کہ امریکی صدر پہلے ہی اس کی مذمت کرکے اظہار معذرت کرچکے ہیں۔ قرارداد پر تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے بھی دستخط کئے، ایوان نے قرارداد متفقہ طورپرمنظورکرلی۔