03 مارچ ، 2012
خیرپور … وزیراعلیٰ سندھ کے آبائی شہر خیرپور میں پلاٹ کے تنازع پر پڑوسی خواتین نے لوک گلوکارہ ممتاز کنول کی ڈنڈوں اور لاتوں سے پٹائی کردی۔ واقعے سے متعلق جیو نیوز کو سی سی ٹی وی کی فوٹیج موصول ہوگئی ہے جس میں واضح طور ہر نظر آرہا ہے کہ کس طرح ڈنڈا بردار خواتین نے لوک گلوکارہ ممتاز کنول پر حملہ کیا۔ حملہ آور خواتین نے اپنے شوہر کے ہمراہ ممتاز کنول پر اس وقت حملہ کردیا جب وہ مقامی عدالت میں حاضری کے بعد واپس اپنے گھر جارہی تھیں۔ ڈنڈا بردار خواتین نے لوک گلوکارہ پر نہ صرف ڈنڈوں کی بارش کردی بلکہ اینٹوں اور لاتوں سے بھی ان پر تشدد کیا۔ زخموں سے چور لوک گلوکارہ اپنے شوہر کے ہمراہ تھانے پہنچیں تو بولنے سے لاچار ممتاز کنول سسکیاں لیتے ہوئے روتی ہی رہی ، تاہم اس کے شوہر نے بتایا کہ ان کا پڑوسیوں کے ساتھ پلاٹ کا تنازع چل رہا ہے، جس پر مخالف گروپ کی خواتین نے ان پر حملہ کیا۔