07 اپریل ، 2013
لاہور…سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عاقبت نااندیشوں کے ایک ٹولے نے مسلم لیگ ن کی فتح کو نوشتہ دیوار دیکھ کر انہیں اور نواز شریف کو انتخابات سے باہر رکھنے کی مذموم کوشش کی تھی جس میں انہیں منہ کی کھانی پڑی۔ اپنے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے بعدایک بیان میں انھوں نے کہا ہے کہ اس سازش کے تانے بانے اسلام آباد میں تیار کئے گئے تھے۔ زر بابا اور چالیس چوروں کی حکومت نے پاکستان کے خزانے کو جس بے دردی سے لوٹا ہے اس کے بعد ملکی معیشت کی بحالی کوئی آسان کام نہیں۔ان کا کہنا ہے کہ جمہوری عمل اور شفاف انتخابات کے خلاف کی جانے والی سازشوں کی ناکامی کی وجہ سے پاکستان کے سیاسی منظر نامے سے دھند چھٹ چکی ہے اور پاکستانی قوم بہترین قیادت کا انتخاب کرکے انتخابات کے مرحلے میں سر خرو ہوگی۔