07 اپریل ، 2013
اسلام آباد…کاغذات نامزدگی کے آخری روز کئی امیدواروں کے کاغذات اثاثے چھپانے، غلط بیانی ، نادہندہ ہونے اور جعلی ڈگری کے باعث مسترد کردیئے گئے۔این اے 177مظفرگڑھ سے جمشید دستی کے کاغذات مسترد کردیئے گئے۔ ریٹرننگ افسر کا کہنا ہے کہ اگر ہائی کورٹ نے جمشید دستی کے حق میں فیصلہ دیا تو کاغذات منظور کرلئے جائیں گے۔این اے 89 جھنگ سے مسلم لیگ ن کے شیخ وقاص اکرم کے کاغذات جعلی ڈگری کے الزام پر جبکہ ایم کیوایم کے امیدوار عارف جمال کے کاغذات مسترد کردیئے گئے۔ن لیگ کے پی پی 82 جھنگ سے امیدوار میاں اعظم چیلا کو جعلی ڈگری پر انتخابی عمل سے باہر کردیا گیا۔گوجرانوالہ کے حلقہ این اے 98 سے پیپلز پارٹی کے امتیاز صفدر وڑائچ کے کاغذات اثاثے کم ظاہر کرنے پر منظور نہیں ہوئے۔این اے 99 گوجرانوالہ سے پیپلز پارٹی کے ذوالفقار بھنڈر کے کاغذات ایک مقدمہ میں اشتہاری قرار دیئے جانے کے باعث مسترد کردیئے گئے۔این اے 100 گوجرانوالہ سے پیپلز پارٹی کے تصدق مسعود کے بھی کاغذات بھی پونے دو کروڑ روپے کے نادہندہ ہونے کے باعث اگلے مرحلے میں شامل نہیں ہوسکے۔بہاولپور سے این اے 184 سے لیگ ن کے میاں نجیب الدین اویسی کے کاغذات اثاثے چھپانے پر مسترد ہوئے۔این اے 154 لودھراں سے پیپلز پارٹی کے مرزا محمد ناصر بیگ کے دو بیٹے بینک کے 80 لاکھ روپے کے نادہندہ ہیں، لہٰذا ان کے کاغذات بھی مسترد ہوگئے۔حلقہ این اے 104 گجرات سے پیپلز پارٹی کے نوابزادہ غضنفر علی گل کے کاغذات دُہری شہریت کی بنا پرمنظور نہیں کیے گئے۔این اے 9 مردان سے ایم کیو ایم کے ریاض، اے این پی کے نسیم الرحمان اور جے یو پی نظریاتی کے نوازش علی کے کاغذات مسترد کردیئے گئے۔