07 اپریل ، 2013
ملتان …سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ میں نے 5 سال کی اننگز کھیلی اور آوٹ نہیں ہو، وزارت عظمی سے ہٹنے کے بعد بس فرق اتنا پڑا ہے کہ پہلے پولیس آگے ہوتی تھی اور اب پیچھے ہے۔انھوں نے کہا کہ ہم نے جنو بی پنجاب صوبے کی قرارداد سینٹ سے دو تہائی اکثریت سے منظور کرائی، لیکن مسلم لیگ ن والے صوبہ نہیں بننے دینا چاہتے۔یوسف رضا گیلانی نے یہ باتیں ملتان کی تحصیل جلالپور کے حلقہ این اے 153 میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ھوے کہیں، انکا کہنا تھا جنھوں نے نئے صوبے کی مخالفت کی عوام انکو ووٹ نہ دیں۔ لاہور والے کس منہ سے جنوبی پنجاب میں ووٹ مانگنے آئیں گے۔ سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی حیثیت سے میں عوام میں گھل مل نہیں سکتا تھا لیکن اب عوام کے درمیان ہوں۔یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ بے نظیر اس دنیا میں نہیں رہیں لیکن انکی خواہشات ہم پوری کررہے ہیں۔ سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے ایک کارکن راجہ پرویز اشرف کو وزیراعظم بنایا اور ایسا صرف پیپلز پارٹی ہی کر سکتی ہے۔