07 اپریل ، 2013
اسکردو…سانحہ گیاری کو ایک سال گزر گیا۔ عسکری تاریخ کے اس المناک سانحے میں پاک فوج کے ایک کرنل ، 124 جوانوں سمیت 140افرادشہید ہوگئے تھے شہداء کی یاد میں اتوار کو اسکردو پریس کلب میں شمع روشن کی گئی۔ دنیا کے بلند ترین محاذ جنگ سیاچن کے گیاری سیکٹر میں گزشتہ سال آج ہی کے روز برفانی پہاڑ کے ملبے کی زد میں آکر بٹالین ہیڈ کوارٹر میں موجود124 جوان اور گیارہ سویلین شہید ہوگئے تھے۔ سانحے کے بعد شہدا کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن شروع کیا گیا تاہم 122 جوانوں کی میتیں تلاش کی جاسکیں۔ تاہم 140 افراد کو شہادت کا رتبہ دے دیاگیا۔ گیاری سانحہ کی برسی کے موقع پر آج پریس کلب اسکردو میں ایک تقریب منعقد کی گئی اور مادرِ وطن کیلئے قربانی دینے والے شہداء کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ وہ سلام پیش کرتے ہیں ان ماوٴں کو جنھوں نے اپنے جوان بیٹوں کو مادر وطن پر قربان کر دیا۔