پاکستان
11 اپریل ، 2013

حیدر آباد: متحدہ کے امیدوار فخرالاسلام فائرنگ سے جاں بحق

حیدر آباد: متحدہ کے امیدوار فخرالاسلام فائرنگ سے جاں بحق

حیدرآباد …حیدرآباد میں متحدہ قومی موومنٹ کے صوبائی اور قومی اسمبلی کے امیدوار فخرالاسلام کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ متحدہ قومی مومنٹ کے حلقہ پی ایس 47 اور این اے 221 سے امیدوار فخرالاسلام حیدرآباد کے علاقے ہالاناکہ خورشید ٹاوٴن میں اپنے گھر سے نکل رہے تھے کہ موٹرسائیکل پر سوار نامعلوم افراد نے ان پر فائرنگ کردی۔ فائرنگ سے فخرالاسلام موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فخرالاسلام کو ملزمان نے باقاعدہ ٹارگٹ کرکے سینے اور پیٹ میں تین گولیاں ماریں،ان کو تین گولیا ں لگیں۔ پولیس نے واردات میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل تحویل میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے۔ فخرالاسلام کی لاش سول اسپتال پہنچا ئی گئی۔ جہاں سے پوسٹ مارٹم کئے بغیر ان کی میت پٹھان کالونی پہنچادی گئی۔ میت کے گھر پہنچتے ہی کہرام مچ گیا۔ رشتے دار اور ایم کیو ایم کے زونل انچارج محمد شریف خان سمیت سابق ارکان اسمبلی اور کارکنوں کی بڑی تعداد بھی ان کے گھر کے باہر موجود ہے۔ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے لندن سے فون پر فخرالاسلام کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔ فخر الاسلام عرف پپو بھائی ایم کیو ایم کے جوائنٹ یونٹ انچارج تھے اور حق پرست کونسلر رہ چکے تھے اور اب حلقہ پی ایس 47 اور این اے 221 سے انتخابات میں حصہ لے رہے تھے۔

مزید خبریں :