20 مئی ، 2013
لاہور … لاہور میں خسرہ کی وباء نے آج مزید 3 بچوں کی جان لے لی، 5 ماہ کے دوران شہر کے بڑے اسپتالوں میں خسرہ سے جاں بحق ہونے والے بچوں کی تعداد 106 تک پہنچ گئی ، محکمہ صحت پنجاب نے صوبے میں خسرہ سے اموات کی تعداد 99 بتائی ہے۔ محکمہ صحت پنجاب لاہور اور پنجاب کے دیگر اضلاع میں خسرہ کی وباء پر قابو پانے میں ناکام رہا، صوبے میں 5 ماہ کے دوران خسرہ سے 12 ہزار 877بچے متاثرہوئے جبکہ لاہور میں یہ تعداد 4 ہزار سے تجاوز کرگئی۔ محکمہ صحت کے مطابق پنجاب میں خسرہ سے مرنے والے بچوں کی تعداد 99 جبکہ لاہور میں 67 ہے۔ دوسری جانب اسپتال کے ذرائع کے مطابق لاہور کے میو اسپتال میں 45 بچے، گنگارام میں 10، جناح میں 5، چلڈرن اسپتال میں 46 بچے جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ چلڈرن اسپتال میں آج 3 بچے جاں بحق ہوئے، جن میں 2 سالہ عمر، 2 سالہ جاوید اور 3 ماہ کا شاہ میر شامل ہیں۔ مرنے والے بچوں کاتعلق گوجرانوالہ، ساہیوال اور لاہورسے ہے۔