09 مارچ ، 2012
اسلام آباد…ملک کے 64 اضلاع، سات قبائلی ایجنسیاں اور چھ ایف آرز پولیو سے متاثرہ حساس علاقے قرار دے دیے گئے ہیں۔ جہاں 12 مارچ سے تین روزہ پولیو سے بچاو کی خصوصی مہم چلائی جائے گی۔ پرائم منسٹر پولیو مانیٹرنگ اینڈ کوآرڈینیشن سیل کے مطابق ملک کے 64 اضلاع پولیو سے شدید متاثر ہیں،جنہیں حساس قرار دے دیا گیا ہے۔ جب کہ سات قبائلی ایجنسیاں اور چھ ایف آر بھی پولیو سے شدید متاثرہ علاقے ہیں۔ ان علاقوں میں پولیو سے بچاو کی خصوصی مہم 12 مارچ سے شروع ہو رہی ہے جو 14 مارچ تک جاری رہے گی۔ پرائم منسٹر پولیو سیل کے ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا کہ پولیو سے متاثرہ حساس قرار دیے گئے علاقوں میں تین سے زیادہ پولیو کیس سامنے آئے ہیں۔ جس کی بناء پر انھیں حساس قرار دیا گیا ہے۔ 12 مارچ سے 14 مارچ تک خصوصی مہم میں 33.4ملین بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ پرایم منسٹر پولیو سیل کے مطابق سندھ کے 14، پنجاب کے چار اور خیبر پختون خوا کے تین اضلاع میں پولیو سے بچاو کی جزوی مہم بھی چلائی جائے گی۔