09 مارچ ، 2012
کراچی … صدارتی آرڈیننس کے مطابق کالا دھن سفید کرنے کی اسکیم یکم اپریل سے نافذ ہوگی، کراچی اسٹاک ایکس چینج میں 4 ماہ کیلئے سرمایہ لگانے پر کسی قسم کی پوچھ گچھ نہیں کی جائے گی۔ ایف بی آر کے مطابق کالا دھن سفید کرنے کی اسکیم یکم اپریل سے نافذ ہوگی جس کے تحت کراچی اسٹاک ایکس چینج میں 4 ماہ کے لئے سرمایہ کاری پر پوچھ گچھ نہیں ہوگی تاہم چار ماہ سے قبل سرمایہ نکالنے پر ٹیکس لاگو ہوگا۔ صدارتی آرڈیننس کے تحت یکم اپریل سے نافذ ہونے والی اسکیم میں شیئرز کی خرید و فروخت پر 0.01 فیصد سی وی ٹی کا نفاذ ہوگا، سی وی ٹی کا نفاذ اگلے ماہ سے ہوگا۔ ایف بی آر کے مطابق بجٹ میں کمرشل بجلی بلوں پر ودہولڈنگ ٹیکس میں اضافے کی تجویز دی گئی ہے جس کے تحت بلوں پر ودہولڈنگ ٹیکس 10 فیصد سے بڑھا کر 25 فیصد کردیا جائے گا۔ ممبر ایف بی آر شاہد حسین نے بتایا ہے کہ بجٹ میں 5 ہزار ماہانہ سے زائد فیس دینے والوں پر ٹیکس نافذ کرنے کی بھی تجویز ہے جس کے مطابق والدین سے اسکول کے ذریعے 5 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس لیا جائیگا۔