پاکستان
02 جون ، 2013

نیشنل پارٹی کے ڈاکٹر عبد المالک کو وزیر اعلی بلوچستان کیلئے نامزد

 نیشنل پارٹی کے ڈاکٹر عبد المالک کو وزیر اعلی بلوچستان کیلئے نامزد

مری…پاکستان مسلم لیگ ن اور پختونخواہ ملی عوامی پارٹی نے نیشنل پارٹی کے ڈاکٹر عبد المالک کو وزیر اعلی بلوچستان کے لئے نامزد کر دیا ہے جس کا اعلان میاں نواز شریف نے کیا۔نواز شریف کا کہنا ہے کہ آج اقتدار نے قربانی دی اور اقدار کی فتح ہوئی،محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا اکثریت حاصل کرنے والے پنجاب کے رہنما نے سب کو اکھٹا کر دیا۔ نیشنل پارٹی کے ڈاکٹر عبدالمالک کو وزیر اعلی بلوچستان نامزد کرنے کا فیصلہ میاں نواز شریف کی زیر صدارت گورنمنٹ ہاوٴس مری میں منعقدہ اجلاس میں کیا گیا۔اجلاس میں پختون خواہ ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی،نیشنل پارٹی کے رہنما میر حاصل بزنجو،شہباز شریف،ثناء ا للہ زہری،چنگیز خان مری اور دیگر سینئر رہنماوٴں نے شرکت کی۔اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں میاں نواز شریف نے کہا کہ ہمیشہ بلوچستان کے زخموں پر مرہم رکھنے اور امن کی بات کی آج اس کا عملی مظاہرہ کر رہے ہیں۔میاں نواز شریف نے کہا کہ بلوچستان میں شفاف حکومت،میرٹ اور انصاف کی حکمرانی ہو گی۔کرپشن پر مبنی ماضی کو دہرانے نہیں دیں گے۔سب قوتوں کو ساتھ لے کر چلیں گے،آمریت نے تباہی پھیلائی اور جمہوریت نے سب کو اکھٹا کر دیا۔اِس موقع پر محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ان پر نفرتیں پھیلانے کے الزامات لگتے رہے،وہ جمہوری رویئے چاہتے تھے جو آج انہیں مل گئے۔وہ کرپشن کے خاتمے اور جمہوری پاکستان کی تشکیل کے لیے ایک قدم بڑھانے پر دو قدم بڑھائیں گے۔نیشنل پارٹی کے رہ نما میر حاصل بزنجو نیاس عزم کا ظاہر کیا کہ صوبے میں مسخ شدہ لاشوں اور لا پتہ افراد کا سلسلہ ختم کریں گے،صوبے میں بدعنوانی کا خاتمہ کردینگے ۔مسلم لیگ ن کے وزارت اعلیٰ کے امیدوار سردار ثناء اللہ زہری اس موقع پر کچھ بُجھے بُھجے سے نظر آئے تاہم انہوں نے فیصلے کی توثیق کی۔ ذرائع نے بتایا کہ بلوچستان کا گورنر پختونخواہ ملی عوامی پارٹی سے ہونے کی وجہ سے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے عہدے مسلم لیگ ن کو ملیں گے۔

مزید خبریں :