پاکستان
02 جون ، 2013

بلوچستان کے مسئلہ کو بہت سنجیدگی سے لے رہے ہیں،عبدالمالک بلوچ

بلوچستان کے مسئلہ کو بہت سنجیدگی سے لے رہے ہیں،عبدالمالک بلوچ

کوئٹہ…بلوچستان کے نامزد وزیراعلی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ ہم بلوچستان کے مسئلہ کو بہت سنجیدگی سے لے رہے ہیں، ہماری کوشش ہوگی کہ ہم صوبے میں وہ حالات پیدا کریں کہ سب ناراض لوگ اور قوم پرست جماعتیں مذاکرات کی میز پر آجائیں۔بطور وزیراعلیٰ نامزدگی کے بعد کوئٹہ میں میڈیا سے بات چیت میں ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کا کہنا تھا کہ سردار عطاء اللہ مینگل، سردار اختر مینگل اور بی این پی کے کارکنوں کی بلوچستان میں بڑی جدوجہد ہے،میں ان سے اپیل کروں گا کہ آئیں مل کے مجموعی مفادات کے لئے کام کریں اور صوبے کے سلگتے ہوئے مسائل حل کریں، ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر بلوچستان کے مجموعی مسائل حل کریں گے، نواب اکبر بگٹی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ نواب اکبر بگٹی بلوچستان کے بڑے لیڈر تھے، ہم ہروہ اقدامات کریں گے جو ان کے ملزمان تک پہنچنے میں مدد کرے۔بعد میں نیشنل پارٹی کے کارکنوں سے خطاب میں ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں آئندہ حکومت سابق حکومتوں کی طرح نہیں ہوگی،انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ صوبے میں گڈ گورننس لائیں گے اور تمام حقداروں کو ان کا حق دیں گے۔

مزید خبریں :