02 جون ، 2013
اسلام آباد…اسپیکر پنجاب اسمبلی کیلئے مسلم لیگ ن کے امیدواررانا محمد اقبال جبکہ تحریک انصاف کے راجہ راشد حفیظ کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے گئے،ڈپٹی اسپیکر کیلئے ن لیگ اور ق لیگ کے امیدواربھی میدان میں اُترآئے،پیپلزپارٹی دونوں عہدوں پرانتخابی دنگل سے پہلو بچا گئی،انتخاب کل ہو گا۔ پنجاب اسمبلی سیکریٹریٹ کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی کے لیے مسلم لیگ ن کے امیدوار رانا محمد اقبال جبکہ تحریک انصاف کے راجہ راشد حفیظ نے کاغذات جمع کرائے ،جانچ پڑتال کے بعد دونوں کے کاغذات درست قرار دیے گئے ،ڈپٹی اسپیکر کیلئے مسلم لیگ ن کے امیدوار سردار شیر علی گورچانی جبکہ ق لیگ کے سردار وقاص موکل کے کاغذات نامزدگی درست پائے، دونوں عہدوں کے لیے انتخاب کل ہو گا ،پیپلزپارٹی نے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر دونوں عہدوں کے انتخابی عمل میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے اور اپنے امیدوار سامنے نہیں لائی ،پنجاب اسمبلی وزیر اعلیٰ کے لیے رائے شماری 6 جون کو ہو گی۔