02 جون ، 2013
پشاور…تحریک انصاف کے وزراء کاحتمی فیصلہ ہونے کے بعد خیبر پختونخوا کابینہ کی تقریب حلف برداری پانچ جون کوہونے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ حلف برداری سے پہلے وزراء کو محکمے بھی تفویض کیے جائیں گے۔ خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف، جماعت اسلامی، قومی وطن پارٹی اور عوامی جمہوری اتحاد کی مخلوط حکومت تشکیل پاگئی ہے۔ تحریک انصاف کو پندرہ میں سے آٹھ وزارتیں ملی ہیں۔ تحریک انصاف کے آٹھ میں سے چھ وزرا ء کے ناموں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ جن میں شوکت یوسف زئی، شاہ فرمان، عاطف خان، علی امین گنڈا پور، ڈاکٹر امجد اور اسرار اللہ گنڈا پور شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق شوکت یوسف زئی کو اطلاعات اور اسرار اللہ گنڈا پور کو قانون کے محکمے ملنے کا امکان ہے۔ تحریک انصاف کے باقی دو وزراء کے ناموں کا اعلان جلد متوقع ہے۔ حکومتی اتحاد میں شامل جماعت اسلامی اور قومی وطن پارٹی کو ایک، ایک سینئر وزارت سمیت تین تین وزارتیں ملی ہیں۔ جماعت اسلامی کے سینئر وزیر سراج الحق کو محکمہ خزانہ جب کہ قومی وطن پارٹی کے سینئر وزیر سکندر شیرپاوٴ کو توانائی اور آب پاشی کے قلمدان تفویض کیے گئے ہیں۔ عوامی جمہوری اتحاد نے شہرام ترکئی کو وزارت کے لئے نامزد کیا ہے۔ تحریک انصاف نے پانچ جون کو صوبائی کابینہ کی تقریب حلف برداری کا اعلان کیا ہے۔حلف برداری کے موقع پروزراء کو محکموں کے قلمدان بھی سونپے جائیں گے۔