02 جون ، 2013
کراچی … کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور پر تشدد واقعات میں سیاسی جماعت کے کارکن سمیت 6افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ پولیس کے مطابق شاہ فیصل کالونی 5نمبر میں فائرنگ کر کے جواد عرف سنی اور فہیم ولد عبدالماجد کو قتل جبکہ 2 افراد کو زخمی کردیا گیا، لاشوں اور زخمیوں کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ فائرنگ کے واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی اور نامعلوم افراد نے دکانیں اور کاروبار بند کرادیا۔ سرجانی ٹاوٴن میں فائرنگ کر کے حنیف انصاری نامی شخص کو قتل کردیا گیا، ترجمان جماعت اسلامی کے مطابق مقتول ان کا کارکن تھا۔ میمن گوٹھ میں کنویں سے ایک شخص کی لاش ملی جس کی شناخت نہیں ہوسکی۔ گڈاپ ٹاوٴن سے 2 افراد کی تشدد زدہ لاشیں ملیں جنہیں اغواء کے بعد قتل کیا گیا تاہم ان کی شناخت نہیں ہوسکی۔