10 مارچ ، 2012
دمشق … شام کیلئے اقوام متحدہ اور عرب لیگ کے خصوصی نمائندے کوفی عنان نے شامی صدر بشار الاسد سے دمشق میں ملاقات کی ہے جبکہ قطر نے شام کی نیشنل کونسل تسلیم کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔ عرب ٹی وی کے مطابق کوفی عنان صدر بشار الاسد پر ملک میں جاری بحران کے خاتمے کیلے پرامن حل اور سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے نتیجے میں جاری خونریزی کی فوری روک تھام کیلئے دباوٴ ڈالیں گے۔ کوفی عنان قاہرہ میں اکٹھی ہوئی شامی اپوزیشن جماعتوں کو صدر بشار کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کے نتائج سے آگاہ کریں گے۔ دوسری جانب روس کے وزیر خارجہ سرگئی لافروف نے قاہرہ میں عرب لیگ کے وزرائے خارجہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روس کسی بھی ملک کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت کی پالیسی پر یقین رکھتا ہے اور شام کے مسئلہ کو بلا مداخلت غیر حل ہونا چاہئے۔ انہوں نے شام میں مسلح جماعتوں کی کارروائیوں کے خاتمے پر زور دیا اور کہا کہ مسئلہ کا تمام تر الزام ایک فریق پر ڈالنا زیادتی ہے تمام فریقوں کو مل جل کر بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہئے۔ اس دوران قطر کے وزیر خارجہ نے شامینیشنل کونسل کو تسلیم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے اس الزام کو مسترد کیا کہ شام میں مسلح جماعتیں حکومت کے خلاف سرگرم ہیں۔ سعودی وزیر خارجہ نے روس سے عرب سمجھوتے کی تائید کا مطالبہ کیا ہے۔