19 جون ، 2013
لندن … قطر میں طالبان کے سیاسی دفتر نے افغان حکومت کے ساتھ مذاکرات پر آمادگی ظاہر کردی ہے۔ برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو میں طالبان آفس کے ترجمان ڈاکٹر محمد نعیم نے افغان امن کونسل سے مذاکرات کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ طالبان کا دفتر تمام افغانوں کیلئے ہے، تاہم انہوں نے کہا کہ افغان امن کونسل نے ابھی اْن سے رابطہ نہیں کیا ہے۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق یہ پہلی بار ہے کہ طالبان نے افغان امن کونسل سے بات چیت پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ ڈاکٹر محمد نعیم نے کہا امریکا کے ساتھ مذاکرات میں جنگ بندی کا موضوع بھی زیر بحث آئے گا، طالبان اپنے منصوبے امریکا کے سامنے رکھیں گے اور امریکا اپنے منصوبے رکھے گا۔