12 مارچ ، 2012
کراچی ……محمد رفیق مانگٹ… پاکستانی بھارت سے زیادہ چائے پیتے ہیں، سالانہ اوسطاً فی پاکستانی ایک کلو چائے کی پتی پی جاتا ہے جب کہ بھارتی سالانہ فی کس 8 سو گرام چائے کی پتی استعمال کرتے ہیں۔ برطانوی باشندے فی کس سالانہ 2 کلو گرام چائے کی پتی استعمال کرتے ہیں۔2010ء میں دنیا بھر میں لوگ3980ملین کلو گرام چائے کی پتی پی گئے۔ رپورٹ میں کہا گیاہے کہ آئرلینڈ اور یو کے میں سالانہ اوسطاً دو کلو،سری لنکا اور پاکستان میں ایک کلو جب کہ بھارت 8سو گرام چائے کی پتی استعمال کرتا ہے۔ کل چائے کی عالمی پیداوار میں بھارت22 فی صد استعمال کرتا ہے ۔چائے کی مجموعی پیداوا ر میں بھارت،چین ،سری لنکا،کینیا اور انڈونیشیاء کا 76فی صد حصہ شامل ہے اور یہی ممالک دنیا بھر میں79فی صد چائے کی پتی ایکسپورٹ کرتے ہیں۔ 2010میں مجموعی چائے کی پیداوار4162ملین کلو گرام رہی جن میں سے42فی صد کو ایکسپورٹ کیا گیا۔ بھارتی اخبار کا کہنا ہے کہ 2010ء میں بھارت میں چائے کی کھپت میں تقریباً دو فی صد اضافہ ہوا۔ تاہم بھارتی ٹی بورڈ نے 2010-2011 کی اپنی سالانہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ خطے کے د یگر ممالک کی نسبت بھارت میں فی کس چائے کی کھپت کم ہے۔2009میں بھارت میں819ملین کلو گرام جب کہ2010میں837ملین کلو گرام چائے کی پتی استعمال ہوئی۔