14 مارچ ، 2012
اسلام آباد … نیشنل پارٹی کے سینیٹر حاصل بزنجو نے کہا ہے کہ بلوچستان میں لوگوں کی گمشدگی اور مسخ شدہ لاشوں کا سلسلہ بند ہونا چاہئے جبکہ صوبے کی سیاست میں خفیہ اداروں کا کردار ختم کرنا ہو گا۔ اسلام آباد میں بلوچستان مباحثے میں اظہار خیال کرتے ہوئے میر حاصل بزنجو نے کہا کہ صوبے میں قبائلی نظام ختم ہو رہا ہے، وہاں متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں نے ہتھیار اٹھائے ہیں،مسخ شدہ لاشیں ملنے اور لوگوں کے لاپتہ ہونے سے نفرت پیدا ہو رہی ہے۔ حاصل بزنجو نے کہا یہ تاثر غلط ہے کہ پشتونوں اور بلوچوں میں کوئی تنازع ہے۔ پیپلزپارٹی کے سیکریٹری اطلاعات قمر زمان کائرہ نے کہا کہ بلوچستان میں مذاکرات کا راستہ کھولنا ہوگا، بلوچ بزرگوں نے کبھی نوجوانوں کو علیحدگی کا نہیں کہا، اگر بلوچستان کے منتخب نمائندے ترقیاتی فنڈ خرچ نہیں کرتے تو بلوچ عوام انہیں ووٹ کی طاقت سے شکست دیں۔ سابق گورنر سندھ معین الدین حیدر نے بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں کوئی فوجی آپریشن نہیں ہورہا، فوج قبائل میں صلح کرارہی ہے اور ان کے زخموں پر مرہم رکھ رہی ہے۔