14 مارچ ، 2012
اسلام آباد … قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق نے انسانی حقوق کی وزارت کو لاپتا افراد سے متعلق ایک ماہ میں قانون سازی کرنے کی ہدایت کی ہے۔ کمیٹی کااجلاس اسلام آباد میں ریاض فتیانہ کی زیر صدارت ہوا۔ کمیٹی نے ڈاکٹر باقرشاہ قتل کیس میں پولیس کی رپورٹ مسترد کرتے ہوئے تحقیقات آئی ایس آئی سے کرانے کی سفارش کی ہے۔ کوہستان میں بس مسافروں کی ہلاکت کے معاملے پر چیف سیکریٹری گلگت بلتستان، آئی جی اور وزارت داخلہ کے حکام کو اگلے اجلاس میں طلب کرلیا گیا ہے۔ اجلاس کے دوران چیئرمین کمیٹی نے ایک خط بھی پیش کیا جس کے مطابق کابل کے قریب توقیف جیل میں 5 پاکستانی قید ہیں۔ قائمہ کمیٹی نے وزارت خارجہ کوہدایت کی ہے کہ بگرام جیل میں قید 30 پاکستانیوں کی رہائی کیلئے کوششیں کی جائیں۔