09 اگست ، 2013
تہران…ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں امن مذاکرات میں امریکا اچھا ثالث نہیں ثابت ہورہا۔ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خانہ ای نے عید کی نماز کے بعد سرکاری ٹیلی وژن پر جاری ہونے والے بیان میں کہا کہ مشرق وسطیٰ کے امن مذاکرات میں امریکا کا کردار منفی ہے،امریکا درپردہ اسرائیل سے ملا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام کے حقوق چھیننے کے ساتھ ساتھ امن مذاکرات بے نتیجہ رہیں گے،مذاکرات میں سب سے اہم رکاوٹ فلسطین کی سرحدوں کا تعین ہے۔ فلسطینی ،مغربی کنارے، غزہ اورمشرقی بیت المقدس پر مشتمل ریاست چاہتے ہیں ،جن پر اسرائیل قابض ہے۔ آیت اللہ خامنہ ای نے مصر میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔آیت اللہ خامنہ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مشرق وسطیٰ امن مذاکرات کا دوسرا دور اگلے ہفتے شروع ہونے والاہے۔