16 مارچ ، 2012
کراچی … کراچی میں کے ای ایس سی نے بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں غیراعلانیہ اضافہ کردیا ہے۔ شہر کے تجارتی اور رہائشی علاقوں میں ساڑھے 7 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ موسم سرما رخصت ہوتے ہی کراچی کے شہریوں کو ایک بار پھر بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ ذرائع کے مطابق شہر کے جن علاقوں میں 3 سے ساڑھے 4 گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جاتی تھی اب وہاں ساڑھے 7 گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔ شہریوں کے مطابق کئی کئی گھنٹے بجلی غائب ہونے سے ان کے معمولات زندگی شدید متاثر ہورہے ہیں جبکہ ترجمان کے ای ایس سی کے مطابق لوڈشیڈنگ میں اضافہ بھٹ گیس فیلڈ سے گیس کی فراہمی متاثر ہونے کے باعث کیاگیا ہے۔ گیس کی فراہمی میں بہتری پر لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 3سے6 گھنٹے کردیا جائیگا۔