16 مارچ ، 2012
لاہور … متحدہ قومی موومنٹ رابطہ کمیٹی کے رکن افتخار احمد رندھاوا نے کہا کہ ایم کیو ایم کے خلاف بھتا وصولی کے تمام تاثرات اسمبلی سے اراکین ایم کیو ایم کے واک آوٴٹ نے ختم کر دیئے ہیں ،پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق ممبر صوبائی اسمبلی ڈاکٹر جاوید صدیقی کی بیٹی کی شادی کی تقریب کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم چاہتی ہے کہ کراچی میں بھتا اور پرچی مافیا کا صفایا کیا جائے اور حکومت نا صرف ان کے خلاف کارروائی کرے بلکہ انہیں کیفر کردار تک پہنچائے۔ ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ ہماری سپریم عدالت ہے اس کا احترام کرنا ہم پر لازم ہے، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں خواتین کا سب سے بڑے جلسے کا انعقاد اس بات کی ضمانت ہے کہ ایم کیو ایم کا فلسفہ اندرون خانہ تک بھی پہنچ چکا ہے۔