19 جنوری ، 2012
دبئی…بالرز کی شاندار کارکردگی کے باعث پاکستان نے دبئی کرکٹ ٹیسٹ پر اپنی گرفت مضبوط کرلی ۔انگلش بیٹسمینوں کو دوسری اننگز میں بھی شدید مشکلات درپیش ہیں ۔کھیل کے تیسرے روزانگلینڈ نے دوسری اننگز میں چائے کے وقفے پر5وکٹوں کے نقصان پر75رنزبنالیے ہیں، پاکستان کا پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے کیلئے اسے مزید 71درکار ہیں جبکہ5وکٹیں ابھی باقی ہیں۔ٹراٹ 42 اور پرائر صفر پر ناٹ آؤٹ ہیں۔دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں انگلینڈ نے 146 رنز کے خسارے کے ساتھ اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا اور اسے جلدہی پہلا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب اسٹراس 6 رنز بناکر عمر گل کی گیند پرعدنان اکمل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ کک نے 5 اور کیون پیٹرسن نے بغیر کوئی رن بنائے پویلین کی راہ لی، دونوں عمر گل کے شکار بنے۔ این بیل کو سعید اجمل نے آؤٹ کیا، وہ صرف چار رنز بناسکے۔مورگن 14 رنز بناکر عبدالرحمان کی گیند پر عدنان اکمل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ اس سے قبل پاکستان کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں میں338رنزبناکر آؤٹ ہوگئی تھی، اس طرح اسے انگلش ٹیم پر146رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔انگلینڈ کی طرف سے سوان نے4 ، کرس براڈ نے 3 ، اینڈرسن نے 2 اور ٹراٹ نے ایک وکٹ حاصل کی۔