17 مارچ ، 2012
کراچی.. .. . کراچی میں بھتہ خوری کے خلاف آج تاجر برادری کی جانب سے مکمل شٹر ڈاوٴن کا اعلان کیا گیاہے۔ ایم کیو ایم سمیت دیگر سیاسی و سماجی تنظیموں نے ہڑتال کی حمایت کا اعلان کردیا۔ کراچی میں بڑھتی ہوئی بھتہ خوری کے خلاف شہر بھر کی تاجر تنظیموں نے آج شٹرڈاوٴن کا اعلان کیا ہے۔ اس کے اثرات رات کو ہی نظر آنا شروع ہو گئے تھے۔ رات دیر تک کھلے رہنے والے تجارتی مراکز اور بعض پیٹرول پمپ بند کر دیے گئے۔ شہر کی سڑکوں پر ٹریفک بھی معمول سے کم دکھائی دیاجبکہ میٹرک بورڈ کے تحت آج ہونے والے تمام عملی امتحانات ملتوی کردیے گئے، نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ وفاقی اردو یونیورسٹی اور ڈاوٴ یونیورسٹی نے بھی آج ہونے والے پرچے ملتوی کر دیے ہیں۔اس سے پہلے جمعہ کو سندھ اسمبلی میں ایم کیوایم کے ارکان اور وزرا نے شہرمیں بھتہ خوری، پرچی مافیا اور اسٹریٹ کرائمز کے خلاف بھرپور احتجاج کیا۔اس موقع پر پیپلزپارٹی کے وزرا اور ایم کیو ایم کے ارکان کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ بھی ہوا،جس کے بعد اجلاس پیر تک ملتوی کردیا گیا۔ایم کیوایم کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر فیصل سبزواری اور صوبائی وزیررضا ہارون نے اپنی تقاریر میں کہا کہ شہر کی کوئی مارکیٹ بھتے اورپرچیوں سے محفوظ نہیں۔