23 اکتوبر ، 2013
کراچی… محمد رفیق مانگٹ…جاپانیوں میں صنف مخالف میں دلچسپی ختم ہو رہی ہے ، مجرد رہنے کو ترجیح دی جا رہی ہے،شادی شدہ جوڑوں کے درمیان تعلقات کی سرد مہری سے آبادی میں مسلسل کمی نے جاپان کو اس موڑ پر لا کھڑاکیا ہے کہ انہیں نسل کی معدومیت کے خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔ برطانوی اخبار”گارجین کی رپورٹ کے مطابق 40سال سے کم عمر جاپانیوں میں روایتی تعلقات میں دلچسپی ختم ہو رہی ہے، رومانوی جذبات اس حد تک ناپید ہو چکے ہیں کہ لاکھوں جاپانی افزائش نسل کے حوالے سے مکمل طور پر لاتعلق ہوتے جارہے ہیں۔نہ ان میں کوئی پیار ومحبت کے قصے پروان چڑھتے ہیں، نہ وہ ڈیٹنگ پر جاتے ہیں،جاپانی غیر شادی رہنا پسند کرتے ہیں۔غیر شادی رہنے کے رجحان کو جاپانی حکومت قومی سانحہ قرار دے رہی ہے۔واضح رہے کہ یہ پہلے ہی دنیا کاسب سے کم شرح پیدائش کا حامل ملک ہے۔ گزشتہ ایک دہائی میں اس کی آبادی میں مزید کمی ہوئی۔ اس وقت جاپان کی 12کروڑ60لاکھ کی آبادی ہے 2060میں اس آبادی میں ایک تہائی کمی کا امکان ہے ۔مجرد افراد کی تعداد ایک ریکارڈ پر پہنچ چکی ہے۔2011کے ایک سروے کے مطابق جاپان میں 18سے34سال کے درمیان کے61فی صد مرد،49فی صد خواتین کسی بھی قسم کے رومانی تعلقات نہیں رکھتے ، یہ اضافہ گزشتہ پانچ برس میں دس فی صد تک پہنچ گیا ہے۔30سال سے کم عمر کی ایک تہائی آبادی کسی بھی قسم کا افیئرز نہیں رکھتی۔جاپان کے فیملی پلاننگ ایسوسی ایشن کے مطابق16سے24سال کی 45فی صد جاپانی لڑکیاں اورایک چوتھائی سے زیادہ مردافزائش نسل کی خواہشات میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتے۔اور 2012 کا سال تو چاپانی تاریخ میں ایسا ہے جس میں شرح پیدائش میں ریکارڈ کمی سامنے آئی۔دوسری جانب عمر رسیدہ افراد کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، حکومتی اداروں کے مطابق جاپان میں آبادی میں کمی کا یہ بحران ان کی نسل کی معدومیت کی طرف لے جا سکتا ہے۔ ایٹم بم سے تباہ خطہ، 2011کے زلزلے میں ایٹمی تباہ کاری سے آبادی پر اثرات کے باوجود مرد اور خواتین ایک دوسرے میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتے۔ جاپان میں اندازے کے مطابق ایک کروڑ 30لاکھ غیر شادی شدہ لوگ اپنے والدین کے ساتھ رہتے ہیں ان میں30لاکھ افراد کی عمریں 35سال سے زیادہ ہیں۔70فی صد شادی شدہ جاپانی خواتین اپنے پہلے بچے کی پیدائش پر جاب ترک کردیتی ہیں۔ عالمی اقتصادی فورم کے مطابق کام میں صنفی مساوات کے لحاظ سے جاپان کا شمار دنیا کے بدترین ممالک میں سے ایک ہے۔ آبادی اور سوشل سیکورٹی کے جاپانی انسٹی ٹیوٹ کی رپورٹ کے مطابق90فی صد نوجوان خواتین شادی کی بجائے مجرد رہنا پسند کرتی ہیں۔