23 مارچ ، 2012
اسلام آباد … یوم پاکستان کے موقع پر 190 اہم شخصیات کو قومی سول ایوارڈز دیئے گئے جس کی تقریب ایوان صدر اسلام آباد میں ہوئی، صدرآصف علی زرادری نے نمایاں شخصیات کو ان کی بہترین کارکردگی پر سول ایوارڈز د یئے۔ تقریب میں وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، بلاول بھٹو زرداری، وفاقی کابینہ کے ممبران، ارکان پارلیمنٹ، سروسز چیفس، سفارتکاروں اور سینئر سول و فوجی حکام نے بھی شرکت کی۔ ان ایوارڈز کا اعلان 14 اگست 2011ء کو کیا گیا تھا۔ نشان امتیاز پانے والوں میں مرحومہ بیگم نصرت بھٹو، مرحوم سلمان تاثیر، فاروق ایچ نائیک، ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، رحمان ملک اور سلمان فاروقی شامل ہیں، جبکہ ہلال پاکستان لینے والوں میں سعودی عرب کے ڈاکٹر فہد عبدالسلام محمد الفارسی اور تھائی لینڈ کی شہزادی ماہا چکری سردھرون شامل ہیں۔ ہلال امتیاز لینے والوں میں فرزانہ راجہ، نرگھس سیٹھی، زمرد خان، فرحت اللہ بابر، سلطان علی لاکھانی، میاں عامر محمود، نذیر ناجی، شرمین عبید چنائے، مرحوم پروفیسر محمد وارث میر، مرحوم ڈاکٹر سید وڈل شاہ شامل ہیں۔ ستارہ پاکستان، ڈاکٹر محمد فرقاد عالمگیر، سعودی عرب کے عدنان بن محمد امین کاتب، چین کے چن کیوفا کو دیا گیا۔ ستارہ شجاعت عبدالعزیز بلو شہید کے اہل خانہ کو دیا گیا۔ ستارہ امتیاز حاصل کرنے والوں میں شرمیلا فاروقی، حنیف خالد، حافظ طاہر خلیل، زاہد ملک، خوش بخت شجاعت، آغا ناصر، مرتضیٰ سولنگی، مبشر لقمان، پروفیسر مہدی حسن، قاسم ضیاء شامل ہیں۔ پرائڈ آف پرفارمنس حاصل کرنے والوں میں صبا حمید، نعمان اعجاز، ساحرہ کاظمی، جاوید شیخ، ارتضیٰ رباب (میرا)اور زاہدہ بھٹی شامل ہیں۔ تمغہٴ پاکستان سری لنکا کے سیلون ریکس ایمینول نیکولس اور برطانیہ کی رابعہ بھٹی کو دیا گیا۔ تمغہ شجاعت پانے والوں میں جمال الدین شہید، عبدالکبیر خان شہید، عبدالراشد خان شامل ہیں۔