23 مارچ ، 2012
کراچی … عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدرشاہی سید نے لیاری میں جاری کارروائی کوفرمائشی آپریشن قراردیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے اورکہاہے کہ جمہوری دورمیں لیاری میں مسلسل آپریشن انتہائی شرمناک فعل ہے۔اپنے ایک بیان میں شاہی سید کا کہنا ہے کہ اگر جرائم پیشہ افراد کیخلاف ہی آپریشن کیاجارہاہے توکیاجرائم پیشہ افراد صرف لیاری میں ہی رہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیاسی بلیک میلرز کو خوش کرنے کیلیے لیاری میں آپریشن کیاجارہاہے۔شاہی سیدنے بتایا ماضی میں اپناتسلط قائم کرنے کے لیے لیاری میں مختلف گینگ بنائے گئے،بدامنی کوفروغ دے کرترقیاتی عمل میں لیاری کو جان بوجھ کرنظرانداز کیاگیا۔اے این پی سندھ کے صدرنے کہاکہ لیاری کوبدنام کرنے کیلیے منظم اندازسے مہم جاری ہے جس کی وہ مذمت کرتے ہیں۔