06 دسمبر ، 2013
جوہانسبرگ…جنوبی افریقہ کے سابق صدر نیلسن منڈیلا انتقال کرگئے، ان کے انتقال کا اعلان جنوبی افریقی صدر جیکب زوما نے کیا۔ زوما کا کہنا تھا کہ افریقی قوم اپنے عظیم محسن سے محروم ہوگئی۔ نیلسن منڈیلا کی عمر95 برس تھی، وہ پھیپھڑوں کے عارضے میں مبتلاتھے، انہیں تین ماہ قبل اسپتال سے گھرمنتقل کیاگیاتھا ۔ نیلسن منڈیلاجنوبی افریقہ کے پہلے سیاہ فام صدر تھے، وہ نسل پرستی اور ناانصافی کے خلاف جدوجہد کی علامت سمجھے جاتے ہیں، انہیں 1993 میں امن کانوبل انعام بھی دیاگیا تھا۔ نیلسن منڈیلانے سیاہ فام لوگوں سے نسلی امتیازکیخلاف تحریک چلانے پر27سال قیدکاٹی، ان کے انتقال پر مختلف عالمی رہنماؤں نے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ جنوبی افریقا کے صدر جیکب زوما نے نیلسن منڈیلا کی موت پر ملک بھر میں سوگ کا اعلان کیا ہے۔ سوگ کے دوران قومی پرچم سرنگوں رکھا جائے گا۔امریکی صدر بارک اوباما نے نیلسن منڈیلا کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیلسن منڈیلا بااثر، باہمت اور عظیم رہ نماتھے، برطانوی وزیراعظم ڈیوڈکیمرون کا کہنا ہے کہ ایک عظیم شمع بجھ گئی، جنرل سیکرٹری اقوام متحدہ بان کی مون نے نیلسن منڈیلا کو انصاف کا دیوتا قرار دیا۔ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ نیلسن منڈیلا کی خدمات کو تاریخ میں ہمیشہ یادرکھاجائیگا۔