11 دسمبر ، 2013
کابل…افغان صدر حامد کرزئی نے اگلے انتخابات تک امریکا کے ساتھ سیکورٹی معاہدے پر دستخط کرنے سے انکار کردیا ہے۔ حامد کرزئی کا کہنا ہے کہ امریکا افغانستان میں قیام امن کے لیے سنجیدہ ہے تو انھیں دیوار سے نہ لگائے۔ فرانسیسی اخبار کو انٹرویو میں افغان صدر حامد کرزئی کا کہنا تھا پاکستان اور افغانستان کیلیے امریکی ایلچی جیمز ڈوبن نے انھیں افغانستان کے حالیہ دورے کے موقع پر کہا تھا کہ سیکیورٹی معاہدے کے بغیر افغانستان میں امن نہیں ہوسکے گا۔ افغان صدر کا کہناتھا جیمز ڈوبن کے بیان کا مطلب یہ ہوا کہ اگر افغانستان معاہدے پر دستخط نہیں کرے گا تو وہ جنگ بھڑکائیں گے اور مسائل پیدا کریں گے۔ حامد کرزئی کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی معاہدے کے لیے امریکی دباوٴ غیرجمہوری رویہ ہے۔انھوں نے کہا کہ افغان عوام کئی نوآبادیاتی طاقتوں سے لڑ چکے ہیں اور وہ اب بھی کسی کے آگے سرنہیں جھکائیں گے۔