16 جنوری ، 2014
کراچی…ایک جانب کراچی آپریشن کا تیسرا مرحلہ شروع ہونے سے قبل ہی تنازع کا شکار ہے تو دوسری جانب دہشت گردی کی وارداتوں میں اچانک اضافہ ہوگیا ہے۔ شہر میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں سٹی وارڈنز، انسپکٹراور دو ٹریفک پولیس اہلکاروں سمیت 7افراد جان کی بازی ہار گئے۔ کراچی کے علاقے برنس روڈ پر رینجرز کے ونگ کمانڈر کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی،جس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔رینجرز اہلکاروں نے تعاقب کیااور مقابلے کے بعد دو ملزمان کوزخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ رینجرز ذرائع کے مطابق ملزمان کاتعلق لیاری کے علاقے موسیٰ لین سے ہے،جن کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔ادھر سہراب گوٹھ پل کے قریب ٹریفک پولیس کی چوکی پر نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کردی جس کی زد میں آکر ٹریفک پولیس کے دو اہلکار جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق ہونیوالے اہل کاروں کی شناخت اے ایس آئی ولی محمد اوروائر لیس آپریٹر اللہ دتہ کے نام سے ہوئی۔ اس سے قبل لیاری میں علی الصبح رینجرز سے مبینہ مقابلے میں دو افرادمارے گئے ۔ اطلاعات کے مطابق لیاری میں فائرنگ کے دوران گینگ وار کے اہم کارندے بابا لاڈلہ کا بھائی زاہد لاڈلہ بھی زخمی ہوا۔ اورنگی ٹاوٴن کے علاقے گلشن بہار میں گھر سے دو افراد کی لاشیں ملی ہیں،پولیس کے مطابق لاشیں کئی دن پرانی اور ناقابل شناخت ہیں۔