16 جنوری ، 2014
پشاور …پشاور کے تبلیغی مرکزمیں دھماکے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 8جبکہ زخمیوں کی تعداد 60 ہوگئی۔وزیرصحت شوکت یوسف زئی نے تصدیق کی ہے کہ پشاور میں تبلیغی مرکزکے اندردھماکے کے نتیجے میں 8افرادجاں بحق جبکہ 60زخمی ہوئے ہیں۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں بچے بھی شامل ہیں۔لیڈی ریڈنگ اسپتال میں ہنگامی حالت نافذ کردی گئی ہے۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ تبلیغی مرکز میں واقع مسجد میں مغرب کی نماز ہورہی تھی لوگ جمع تھے کہ دھماکا ہوگیا۔ عینی شاہد حنیف کے مطابق آج جمعرات کی وجہ سے تبلیغی مرکز میں متعدد علاقوں سے تبلیغی ٹیمیں آئی ہوئی تھیں۔ مغرب کی نماز کی ایک رکعت ہوئی تھی کہ بم دھماکا ہوگیا جس میں بڑی تعداد میں لوگ زخمی ہوگئے۔ واضح رہے کہ شبِ جمعہ کیلئے تبلیغی مرکز میں خصوصی اجتماع کیلئے مختلف علاقوں سے تبلیغی ٹیمیں آکر قیام کرتی ہیں اور جمعرات کو سیکڑوں کی تعداد میں لوگ جمع ہوتے ہیں۔ واقعے میں زخمی ہونے والوں میں سے متعدد کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔ عینی شاہدین کا یہ بھی کہنا ہے کہ ستون نمبر 69اور 70کے درمیان دھماکا ہوا جس کی وجہ سے ایک فٹ سے گہرا گڑھا ہوگیا۔