16 جنوری ، 2014
کراچی…کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ سے 2پولیس اہلکاروں سمیت تین افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک شخص کی لاش ملی ہے۔ ایس ایس پی ایسٹ پیر محمد شاہ کے مطابق کورنگی زمان ٹاوٴن میں نامعلوم افراد نے پولیس موبائل پر فائرنگ کردی۔ پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک ملزم زخمی ہوگیا جبکہ پولیس نے زخمی ملزم سمیت چار ملزمان کو گرفتار کرلیا۔نیو کراچی کے علاقے شفیق موڑ پر نا معلوم افراد نے تیموریہ تھانے کی پولیس وین پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے جبکہ پولیس اہلکار سمیت دو افراد زخمی ہوگئے۔ جا ں بحق پولیس اہلکار وں کی شناخت ہیڈ کانسٹیبل جاوید اورکانسٹیبل آصف کے نام سے ہوئی ہے۔ جبکہ پولیس اہلکار سلیم اور راہ گیر خاوند خان فائرنگ کے واقعے میں زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس کو فائرنگ کی جگہ پر سے نائن ایم ایم پستول کی گولیوں کے خول ملے ہیں۔ایس ایس پی سینٹرل عامر فاروقی کے مطابق تیموریہ تھانے کی پولیس موبائل پر فائرنگ کرنے والے ملزمان کی تعداد 6 سے زائد تھی۔ ملزمان نقاب پوش اور پیدل تھے۔ ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق حملہ آواروں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہوسکتا ہے۔جبکہ شاہراہ فیصل پر کارساز کے قریب گاڑی پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ بلدیہ ٹاون کے علاقے رشید آباد میں گھر سے ایک شخص کی لاش ملی ہے جس کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔گزشتہ روز بھی نامعلوم ملزمان نے دو ٹریفک پولیس اہلکار اور سٹی وارڈنز انسپکٹر کو ٹارگٹ کرکے قتل کیا تھا۔